ریاض،19مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سعودی عرب کے وزیرخارجہ عادل الجبیر نے گذشتہ روز دارالحکومت ریاض میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ اسلامی۔ امریکی سربراہ کانفرنس کے اختتام پر سعودی عرب کی میزبانی میں انسداد دہشت گردی مرکز قائم کیا جائے گا۔ ریاض میں پریس کانفرنس کے دوران عادل الجبیر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شریک سعودی عرب کی مسلح افواج امریکا کے بعد دنیا کی دوسری بڑی فوج ہے۔ ہم دہشت گردوں ، ان کے معاونت کاروں اور سہولت کاروں سب کے خلاف پوری قوت سے جنگ لڑیں گے۔ایک سوال کے جواب میں عادل الجبیر کا کہنا تھا کہ امریکی۔ اسلامی سربراہ کانفرنس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ پر پوری شدت کے ساتھ توجہ دی جائے گی۔ یہ کانفرنس دہشت گردی کے خلاف عالم اسلام اور مغرب کے درمیان ایک نئے اتحاد کی راہ ہموار کرے گی۔
دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ انسداد دہشت گردی امریکا اور سعودی عرب دونوں نے قربانیاں دی ہیں۔ ریاض میں امریکی۔ اسلامی سربراہ کانفرنس غیر مسبوق اور ہمہ جہت ہوگی جس کے نتیجے میں مغرب اور اسلامی دنیا کے درمیان تعلقات کے نئے ابواب کا آغاز ہوگا۔عادل الجبیر کا کہنا تھا کہ ہم مغرب اور پوری دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اسلام مغرب کا دشمن نہیں۔خیال رہے کہ ہفتے اور اتوار کو ریاض میں تین سربراہ کانفرنسیں ہور ہیں۔ امریکا اور سعودی عرب سربراہ کانفرنس کے ساتھ امریکا اور خلیج سربراہ کانفرنس اور امریکا اور اسلامی سربراہ کانفرنس ہوگی جس میں مسلمان ممالک کے سربراہان بھی شرکت کریں گے۔